ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بیلگام وشویشوریا ٹکنیکل یونیورسٹی میں کانویکیشن کا انعقاد : لوک سبھااسپیکر اور ریاستی گورنر کے ہاتھوں بشریٰ متین نے حاصل کیں 16گولڈ میڈل

بیلگام وشویشوریا ٹکنیکل یونیورسٹی میں کانویکیشن کا انعقاد : لوک سبھااسپیکر اور ریاستی گورنر کے ہاتھوں بشریٰ متین نے حاصل کیں 16گولڈ میڈل

Thu, 10 Mar 2022 20:03:49    S.O. News Service

بیلگام :10؍ مارچ  (ایس اؤ نیوز) یونیورسٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولڈ میڈل حاصل کرتےہوئے تعلیمی سطح پر پسماندہ ضلع کا نام روشن ہونے پر مجھے فخر ہے۔ آج اس مقام پر پہنچنے کےلئےاللہ رب العزت کا بے حد ، بے شمار شکریہ اداکرتی ہوں اس کے آگے سجدہ ریز ہوں اور ساتھ میں اپنے والدین اورا ساتذہ کرام کی بھی مشکور ہوں کہ انہوں نےمجھے اس مقام تک پہنچنے میں میری مدد و تعاون کیا۔ بیلگام وشویشوریا ٹکنکل یونیورسٹی میں ریکارڈ 16گولڈ میڈل حاصل کرنےو الی رائچورکی بشریٰ متین نے گولڈ میڈل اور اسناد حاصل کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔

بیلگام میں یونیورسٹی کے کیمپس میں منعقدہ کانویکیشن پروگرام میں جب بشریٰ متین اپنے میڈل اور اسناد حاصل کرنےڈائس پر پہنچیں تو ساراہال تالیوں سے گونج اٹھا اور ڈائس پر موجود لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، ریاستی گورنر تھاورچند گہلوت ، ریاستی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اشوتھ نارائن ، یونیورسٹی چانسلر پروفیسر کری سدپا نے بشریٰ متین کو مبارکبادی دیتےہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل منگلورو کی سہیادری انجنئیرنگ کالج ، سول شعبہ کی طالبہ عصمت شرمین نے 13گولڈ میڈل حاصل کرتےہوئے ریکارڈ بنایا تھاتو اس سے پہلے انجمن انجنئیرنگ کالج بھٹکل کے متعلم نبیل مصطفیٰ نے 11گولڈ میڈل حاصل کرتےہوئے تاریخ رقم کی تھی۔

بشریٰ متین اپنےحاصل کردہ گولڈ میڈل، اسناد کی نمائش کرتےہوئے خوشی ومسرت کےلہجےمیں کہاکہ میرے والد جونئیر انجنئیر ہیں، انہوں نے ہی مجھے اس میدان میں آگے بڑھایا۔ آج سول برانچ میں ریکارڈ قائم کرنےپر بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ فی الحال میں یوپی ایس سی امتحانات کی تیاری میں ہوں، آئی اے ایس آفیسر بننا میرا خواب ہے۔ بشریٰ متین نے طلبا سےکہاکہ اپنی منزل کو پانا کوئی مشکل و ناممکن نہیں ہےاگر ہم کٹھن محنت کے عادی ہوں۔ اور جب بھی تعلیم ہو یا زندگی کےکسی بھی مرحلے میں مشکلات ، پریشانی کا سامنا ہوتو اپنے اللہ کے سامنے جھک جائیں ، اسی سےمدد مانگیں وہ ضرور آپ کو راہ بتائےگا۔ مسلسل محنت ومشقت رہی تو اچھےنمبرا ت کا حاصل کرنا آسان ہونےکی بات کہی۔ اس وقت موجود ان کے والد شیخ ظہیر الدین اپنی بیٹی کے کارہائےنمایاں سےپھولے نہیں سمارہے تھے اور  خوشی کے آنسو پونچھتےہوئے کہاکہ میری بیٹی نے کٹھن محنت کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے۔ خیال رہے کہ میری بیٹی کبھی کسی ٹیوشن کو نہیں گئی جو کچھ بھی اس کے پاس ہے وہ سب کچھ اس کی اپنی پڑھائی سے حاصل کیا ہے۔ بشریٰ متین کی والدہ نے بھی ترقی کی دعائیں دیتےہوئے گلے لگایا ۔ جب کہ ان کے بھائی شیخ تنویرالدین بھی سول انجنئیر ہیں۔ اور ان کی بہن کمپیوٹر سائنس انجنئیرنگ میں زیر تعلیم ہے۔

گولڈ میڈل حاصل کرنےوالوں میں اکثر لڑکیاں ہیں تولڑکوں میں وویک بھدرکالی بھی ہے جنہوں  نے کل 7گولڈ میڈل حاصل کئے۔ انہوں نے بتایاکہ وہ کے ایل ای شیش گری انجنئیرنگ کالج کے طالب علم ہیں . انہوں نے دسویں تک کی پڑھائی کنڑا میڈیم سے سرکاری اسکول سےحاصل کی ہے۔ ہر دن 5-6 گھنٹے پڑھائی کرناضروری ہوتاہے۔ یوپی ایس سی کی تیاری میں ہوں اور آئی اے ایس آفیسر بننے کی خواہش کا اظہارکیا۔ کانویکشین میں کل 66159مختلف ڈگریوں کو تفویض کیاگیا ۔ اسی طرح 7گولڈ میڈل حاصل کرنےو الی بلاری انجنئیرنگ کالج کی طالبہ چندنا ایم نے خوشی کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ فی الحال پرائیویٹ کمپنی میں کام کررہی ہوں ، سرکاری کمپنی کےلئے کوشش کرنےکی بات کہی۔ ان کے والدتماریڈی کسان ہیں۔ بنگلورو بی این ایم کالج کی طالبہ سواتی دیانند نے بھی 7گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں ۔ اس موقع پر سواتی نے اپنے خیالات کااظہار کرتےہوئےکہاکہ فی الحال ایک پرائیویٹ کمپنی میں نٹ ورکنگ انجنئیر کے طورپر کام کررہی ہوں ، اعلیٰ تعلیم حاصل کرنےکی خواہش ظاہر کی۔


Share: